ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بلدی انتخابات کے لئے سیاسی سرگرمیوں میں تیزی، ٹکٹ کے دعویداروں کا قائدین کے گھروں کے پاس تانتا

بلدی انتخابات کے لئے سیاسی سرگرمیوں میں تیزی، ٹکٹ کے دعویداروں کا قائدین کے گھروں کے پاس تانتا

Sat, 11 Aug 2018 22:19:29    S.O. News Service

بنگلورو،11؍اگست(ایس او نیوز) ریاست بھر میں بلدی انتخابات کے لئے مہم کی تیاریوں کے درمیان امیدواری کی دعویداری کو لے کر سیاست شدت اختیار کرتی جارہی ہے۔ تینوں سیاسی جماعتوں میں امیدواروں کی فہرست تیارکرنے کی گہما گہمی کافی عروج پر ہے۔ ٹکٹ کے دعویدار اپنے اپنے سیاسی آقاؤں کے پیچھے لگے ہوئے ہیں۔ تینوں پارٹیوں کے لیڈروں کے گھروں اور دفاتر کے باہر ٹکٹ کے دعویداروں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔ 105 بلدی اداروں کے ساتھ تین سٹی کارپوریشنوں کے انتخابات بھی ہونے جارہے ہیں۔

میسور ، ٹمکور اور شیموگہ سٹی کارپوریشنوں کے لئے انتخابات 31اگست کو ہوں گے جبکہ باقی 105بلدی اداروں کے انتخابات 29 اگست کو کئے جائیں گے۔ جبکہ دونوں مرحلوں میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی 3؍ ستمبرکو ہوگی۔ تینوں سیاسی جماعتیں ان انتخابات میں اپنے اپنے علاقوں میں بالا دستی قائم کرنے کی ہر ممکن کوشش میں لگی ہوئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی تینوں پارٹیوں میں سے مخلوط حکومت کا حصہ کانگریس اور جنتاد ل(ایس) کے مابین دوستان مقابلے کا اشارہ آج خود وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے دیا ہے۔ جبکہ بی جے پی کی طرف سے کانگریس اور جنتادل (ایس) کو مسلسل نشانہ بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ ہر ضلع میں وزراء ، اراکین اسمبلی اور پارٹیوں کے بارسوخ لیڈروں کے ذریعے امیدوار اپنے ٹکٹ یقینی بنانے کے جدوجہد میں لگے ہوئے ہیں۔ وزراء اور اراکین اسمبلی کی بھی یہ کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ اپنے حامیوں کو ٹکٹ دلائیں۔ تاکہ مقامی انتظامیہ پر ان کا قبضہ برقرار رہ سکے۔ 


Share: